عثمان آباد:4 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے این سی پی سربراہ شرد پوار نے جمعرات کو کہا کہ وہ اولاً کسی سے پنگا نہیں لیتے، لیکن ایسا کرنے والے کو اس کی ’اوقات ‘دکھا دیتے ہیں۔ پوار نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد مودی پر فوج کے نام پر سیاسی فائدہ اٹھانے کا بھی الزام لگایا۔ مودی نے بدھ کو گڈا میں ایک انتخابی ریلی میں کہا تھا کہ این سی پی رہنماؤں کی نیند اڑ گئی ہے۔ انہوں نے پیر کو وردھا میں ایک اور ریلی میں این سی پی سربراہ پر یہ کہہ کر حملہ کیا تھا کہ پوار نے اپنی پارٹی پر ’گرفت ‘کھو دی ہے اور اس کے اندر ’خاندانی نزاع‘ چل رہا ہے ۔ پہلے مہاراشٹر میں یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پوار نے مودی پر راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ:’ ہم اس مٹی سے ہیں جہاں چھترپتی شیواجی مہاراج کی پیدائش ہوئی، ہم اولاً پہلے سے کسی پنگا نہیں لیتے، لیکن کوئی اگر ایسا کرتا ہے تو اسے اس کی ’اوقات‘دکھا دیتے ہیں۔ پوار یہاں این سی پی امیدوار رانا جگجیت سنگھ پاٹل کے لئے انتخابی تشہیر کرنے پہنچے تھے۔ این سی پی کے سربراہ نے کہا کہ مودی پوچھتے ہیں کہ انہوں نے وزیر دفاع کے طور پر اپنی مدت کے دوران کیا کیا۔ قابل ذکر ہے کہ پوار 1991 سے 1993 تک ملک کے وزیر دفاع تھے۔ اس وقت وہ کانگریس میں تھے۔ پوار نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں حملے نہیں ہونے دیئے، جیسا کہ مودی کی حکومت کے دوران ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کہتے رہے ہیں کہ ملک میں گزشتہ 70 سال میں پہلے کی حکومتوں کے دوران کوئی ترقی نہیں ہوئی، لیکن مودی کو بتانا چاہئے کہ کیا انہوں نے اس میں اٹل بہاری واجپئی کی قیادت والی حکومتوں (1998 سے 2004) کے دور اقتدار کو بھی شامل ہے۔ پوار نے ملک کی تعمیر میں شراکت کے لئے سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو، لال بہادر شاستری اور راجیو گاندھی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ:’ موجودہ وزیر اعظم حفاظتی دستوں کی توانائی کا اپنے پروپیگنڈے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ یہ حکومت یہاں تک کہ کلبھوشن جادھو تک کی رہائی میں ناکام رہی ہے،آخر بتائے کہ 56 انچ کا سینہ کہاں چلا گیا۔عثمان آبادحلقہ میں لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اپریل کو پولنگ ہوگی۔